• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کراچی کے مسائل کے حل میں ناکام، منعم ظفر

کراچی(اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے ٹاؤن میونسپل کارپوریشن جناح کے تحت خداداد کالونی میں غلام حسین پارک کا افتتاح کردیا ،اس موقع پر انہوں نے پودا بھی لگایا ، منعم ظفر خان نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وقت نے ثابت کردیا ہے کہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کراچی کے مسائل کے حل میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہیں ،شہر کی تعمیر و ترقی کا کام صرف جماعت اسلامی ہی کرسکتی ہے، اگلا میئر جماعت اسلامی کا ہوگا،۔ جماعت اسلامی نے دستیاب وسائل سے بڑھ کر عوام کی خدمت کرنے کی کوشش کی ہے،22 اکتوبر کو امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن جامعہ کراچی کے طلبہ کو 8 بسوں کا تحفہ دیں گے، یہ اقدام طلبہ کو سفری سہولت فراہم کرنے کی ایک کاوش ہے،کراچی کے وسائل اور اختیارات پر قابض پیپلزپارٹی نے شہریوں کو بنیادی سہولتوں سے محروم کردیا، شہر میں کچرا اٹھانے کا اختیار بھی ٹاؤنز اور یونین کمیٹیوں کے پاس نہیں، کچرا اٹھانے کے نام پر اربوں روپے خرچ ہونے کے باوجود شہر میں صفائی کی صورت حال بہتر نہیں ہوسکی،انہوں نے کہا کہ کراچی میں اس وقت شہریوں کا ایک بڑا مسئلہ لوڈشیڈنگ ہے، شہریوں سے بھاری بھرکم بجلی کے بل وصول کیے جاتے ہیں، لیکن اس کے باوجود انہیں بلاتعطل بجلی فراہم نہیں کی جاتی،کے الیکٹرک اپنا قبلہ درست کرے، بصورت دیگر جماعت اسلامی شہریوں کے حقوق کے لیے اس کے خلاف آواز بلند کرتی رہے گی،منعم ظفر خان نے غلام حسین پارک کی بحالی اور افتتاح پر ٹاؤن چیئرمین، محکمہ باغات اور یونین کمیٹی کی پوری ٹیم کو مبارک باد پیش کی۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید