کراچی (جنگ نیوز)مختلف زبانیں بولنے والے مریضوں سے طبی تاریخ حاصل کرنا اب طبی ماہرین کے لیے مزید آسان ہوگیا ہے۔ جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی (جے ایس ایم یو) نے سات زبانوں پر مشتمل طبی تاریخ لینے کی ہینڈ بک متعارف کرادی ہے۔یہ ہینڈ بک سندھ میڈیکل کالج کے انٹرنل میڈیسن انٹرسٹ گروپ (IMIG-SMC) کے تحت طلبہ نے تیار کی ہے۔ اس میں انگریزی، اردو، سندھی، پشتو، پنجابی، بلوچی اور سرائیکی زبانیں شامل ہیں۔تقریب میں جے ایس ایم یو کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر امجد سراج میمن نے مہمانِ خصوصی، جبکہ سری لنکا کے قونصل جنرل عزت مآب سنجیوا پٹی ویلا اور سی پی ایس پی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سحر عباسی نے مہمانانِ اعزاز کی حیثیت سے شرکت کی۔جے ایس ایم یو کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر امجد سراج میمن نے کہا، ’’اس ہینڈ بک کی تیاری کا بنیادی مقصد طبی ماحول میں زبان کی رکاوٹوں کو دور کرنا اور طبی طلبہ اور مختلف لسانی پس منظر رکھنے والے مریضوں کے درمیان زیادہ واضح اور مؤثر رابطے کو ممکن بنانا ہے۔