کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے کہا ہے کہ کراچی کے 3کروڑ سے زائد شہری پانی کے سنگین بحران کا شکار ہیں ، شہر کو روزانہ 1200 ملین گیلن سے زائد پانی درکار ہے لیکن صرف 450 سے 650ملین گیلن فراہم کیا جا رہا ہے۔ پانی کی قلت قدرتی آفت نہیں بلکہ حکومتی بدانتظامی اور سیاسی عدم توجہی کا نتیجہ ہے، بوسیدہ پائپ لائنوں سے پانی ضائع ہو رہا ہے، جبکہ غیر قانونی ہائیڈرنٹس اور مبینہ پانی چوری نے بحران کو مزید سنگین بنا دیا ہے، پاسبان اسٹیئرنگ کمیٹی کی میٹنگ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہری مہنگے ٹینکروں سے پانی خریدنے پر مجبور اور غریب خاندان اپنی آمدنی کا بڑا حصہ پانی پر خرچ کر رہے ہیں،انہوں نے مطالبہ کیا کہ کے فور منصوبہ ہنگامی بنیادوں پر مکمل ، غیر قانونی ہائیڈرنٹس کا خاتمہ اور پانی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی ، سمندری پانی کو قابلِ استعمال بنانے کے منصوبوں پر تیزی سے کام کیا جائے ، بڑے پمپنگ اسٹیشنز پر بجلی کی بندش سے بچنے کے لیے شمسی توانائی سمیت متبادل ذرائع اختیار کیے جائیں۔