• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منگنی کی تصویریں کب کی ہیں؟ یاسر حسین کا جواب


گزشتہ روز یاسر حسین اور اقراء عزیز کی منگنی کی تصویریں ایک سوال کے ساتھ وائرل ہوئیں کہ یہ تصویریں ہیں کب کی؟یاسر حسین نے اس کا جواب دے دیا۔

معروف کامیڈین اور اداکار یاسر حسین اور اداکارہ اقراء عزیز کی لکس اسٹائل ایوارڈز میں شادی کی پیشکش کرنے کا انداز ابھی بُھولا نہیں تھا کہ گزشتہ روز دونوں کی منگنی کی تصاویر وائرل ہوگئیں ۔

اقراء عزیز کی بہن سدرہ عزیز نے اپنی چھوٹی بہن کی منگنی کی تصویر جس میں اقراء اور یاسر گلے میں ہار پہنے بیٹھے تھے ایک تفصیلی کیپشن کے ساتھ اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کی تھی اور منگنی کی مبارکباد دی تھی جس کے بعد یہ خبریں گردش کرنے لگیں کہ اقراء عزیز نےان ہی کپڑوں، جھمکوں اور جوتوں اوربا لکل ویسے ہی ہیئر اسٹائل میں 11 فروری کو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر تصویریں اپلوڈ کیں تھیں۔


تصویری تنازعے کے پیشِ نظر اداکار یاسر حسین نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے ان تمام خبروں کی وضاحت کردی ۔

اداکار نے اپنی وضاحتی پوسٹ میں لکھا کہ ’یہ تصویریں  فروری میں ہوئی ’بات پکی ‘ کی ہیں ، منگنی آپ لوگ انگوٹھی پہنانے کو کہتے ہیں تو وہ ساری دنیا کے سامنے کیا ۔

انہوں نے مزید لکھا کہ آپ سب نے میری زندگی کو موضوع بنا کر پڑھنا شروع کر دیا ہے، جس سے آپ سب کی فراغت بھری زندگی کا بخوبی اندازہ ہو رہا ہے ۔


اداکار نے اپنی تفصیلی پوسٹ میں یہ بھی لکھا کہ میں نے اب تک اپنی زندگی اپنی مرضی سے گزاری ہے اور آگے بھی ایسے ہی کروں گا ۔ انہوں نے نے لکھا کہ دوسروں کی خوشیوں میں خوش ہونا سیکھیں، خوش رہیں گے ۔

یاسر نے لکس اسٹائل ایوارڈز میں اقراء عزیز کے حیران ہونے کی وضاحت کرتے ہوئے لکھا کہ وہ ایوارڈز میں اس لئے حیران ہوئیں تھیں کہ انہیں نہیں پتہ تھا کہ یاسر اتنے لوگوں کے سامنے انہیں انگوٹھی پہنائیں گے ۔

تازہ ترین