• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قلعہ سیف اللّٰہ میں پولیو ویکسین کچرے سے برآمد

قلعہ سیف اللہ: سرکاری عملے نے پولیو ویکسین پلانے کی بجائے کچرے میں پھینک دی


بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللّٰہ کے علاقے توبالی میں انسدادِ پولیو کی ویکسین کچرے کے ڈھیرسے ملنے کا انکشاف ہوا ہے۔

مذکورہ گاؤں میں محکمۂ صحت کے عملے نے ویکسین بچوں کو پلانے کے بجائے کچرے میں پھینک دی۔

یونین کونسل توبالی میں تعینات محکمۂ صحت کے عملے کو اس عمل پر معطل کر کے ان کی تنخواہیں روک لی گئیں۔

یہ بھی پڑھیئے: ’پولیو قطروں میں حرام یا غیر شرعی اجزاء شامل نہیں‘

ڈپٹی کمشنر قلعہ سیف اللّٰہ ڈاکٹر عتیق شاہوانی نے بتایا ہے کہ پاک افغان سرحدی علاقے توبالی کے دورے میں معلوم ہوا کہ محکمۂ صحت کے عملے نے انسدادِ پولیو کی حالیہ مہم کے دوران پولیو ویکسین بچوں کو پلانے کے بجائے کچرے کے ڈھیر پر پھینک دی اور بچوں کی انگلیوں پر جعلی نشان لگا دیے۔

یہ بھی پڑھیئے: انسدادِ پولیو مہم کا آج دوسرا روز

ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں ٹیم نے مذکورہ گاؤں میں جا کر پھینکی گئی ویکسین اکٹھی کی تو معلوم ہوا کہ یہ ویکسین زائد المعیاد نہیں تھی۔

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عتیق شاہوانی نے یونین کونسل توبالی میں انسدادِ پولیو مہم کے لیے مقرر کیے گئے تمام عملے کو معطل کر دیا۔

انہوں نے اس عملے کی تنخواہیں روکنے کے احکامات بھی جاری کر دیئے ہیں جبکہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

تازہ ترین