ملتان (سٹاف رپورٹر ) سٹرس بحالی پروگرام کی سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا ، جس کی صدارت وزیرِ زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے کی، اجلاس میں کنونئیر وزیر اعلیٰ پنجاب ٹاسک فورس برائے سٹرس محسن شاہنواز رانجھا، پارلیمانی سیکرٹری برائے زراعت اسامہ خان لغاری اور سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو، سپیشل سیکرٹری زراعت آغا نبیل اختر،ڈائریکٹر جنرلز زراعت چوہدری عبدالحمید، نوید عصمت کاہلوں،ڈاکٹر ساجد الرحمان، ڈاکٹر عامر رسول سمیت دیگر ممبران نے شرکت کی،اجلاس کے دوران منصوبہ کے تحت جاری سرگرمیوں کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا اور سکرین ہاؤسز کے لیے ٹینڈرنگ کے عمل کو مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس موقع پر سکرین ہاؤسز کے لیے تجربہ کار اور اعلیٰ صلاحیت کی حامل کنسٹرکشن فرموں کو ٹینڈرنگ کے عمل میں شامل کرنے کی ہدایات دی گئیں۔ مزید برآں محسن شاہنواز رانجھا، اسامہ خان لغاری اور آغا نبیل اختر (سپیشل سیکرٹری زراعت) پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جو ٹینڈرنگ کے عمل کا ازسرِ نو جائزہ لے گی اور متعین کردہ معیار کے مطابق تعمیراتی عمل کو یقینی بنائے گی۔ یہ کمیٹی سِٹرَس بحالی پروگرام پر عملدرآمد کی ہفتہ وار پیش رفت کا جائزہ بھی لے گی اور یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ کمیٹی درآمد کیے جانے والے سِٹرَس کی اعلیٰ اقسام کے پودوں کی افزائش کے بعد کاشتکاروں کو فراہمی کے لیے شفاف میکانیزم تیار کرے گی۔اس کے علاوہ اجلاس میں سرگودھا میں 8اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 3 سکرین ہاؤسز کے قیام سے متعلق پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ٹوبہ ٹیک سنگھ میں سِٹرس ریسرچ اسٹیشن کی عمارت کے تعمیراتی عمل کا بھی جائزہ لیا گیا۔