کراچی( رپورٹ / اخترعلی اختر) ماضی کی فلموں کے ہیرو، اداکار شاہد کا کہنا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کا فلم انڈسٹری کی بحالی کیلئے کروڑوں روپے کے فنڈز پروڈیوسرز کو جاری کرنا بڑی خوش کی بات ہے،لیکن اس فنڈز کا صحیح استعمال ہونا چاہئے۔ جن پروڈیوسرز کو فنڈز دیئے گئے انہیںاحساس ہونا چاہئے فلم انڈسٹری کو پھر سے بحال کرنا ہے۔ ایسا نہ ہو حکومت سے ڈھائی کروڑ روپے لے کر50 لاکھ کی فلم پیش کردیں۔ ایسا بالکل نہیں ہونا چاہئے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے کراچی آمد پر جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صدارتی ایوارڈ یافتہ اداکار مصطفٰی قریشی اور صدر آرٹس کونسل احمد شاہ بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ لیجنڈری مصطفٰی قریشی کی طرح اور بھی حقدار ہیں،ان کو بھی حکومت فنڈز جاری کرے۔ ایک سوال کے جواب میں لیجنڈری اداکار شاہد حمید کا کہنا تھا کہ ماضی میں ذوالفقار علی بھٹو نے نیف ڈیک بنائی تھی، جس کے تحت سینما گھر بنائے گئے تھے۔معیاری فلمیں بھی بنائی گئیں۔ذوالفقار علی بھٹو کے زمانے میں پاکستان فلم انڈسٹری اپنے عروج پر تھی ، موجود حکومت سب سے پہلے فلم انڈسٹری کو انڈسٹری تسلیم کرے۔