کراچی(سید محمد عسکری) جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر امجد سراج میمن کو دوسری چار سالہ مدت کے لیے وائس چانسلر مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن منظر عام پر آگیاہے جس پر 30 دسمبر 2025 کی تاریخ درج ہے جب کہ ان کی پہلی چار سالہ مدت 24 جنوری 2026 کو ختم ہونی تھی۔ نوٹی فکیشن منظر آنے کے بعد یونیورسٹی کے رجسٹرار اعظم خان نے بھی اپنا مراسلہ جاری کردیا ہے جس کے مطابق ڈاکٹر امجد سراج میمن نے مزید چار سال کے لیے وائس چانسلر کی زمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ ڈاکٹر امجد سراج میمن کی مدت میں دوسری چار سالہ توسیع ان کی مثالی کارکردگی کے باعث دی گئی ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ ڈھائی برس سے وزیر اعلیٰ سندھ نے صوبے کی کسی بھی وائس چانسلر کو دوسری مدت نہیں دی تھی اور اس حوالے تمام سیاسی اور سفارشی دباؤ قبول کیا تھا تاہم ڈاکٹر امجد سراج میمن کے لیے انھیں اپنا فیصلہ تبدیل کرنا پڑا اور انھیں دوسری چار سالہ مدت کے لیے توسیع دینی پڑی ۔